پٹنہ، 11؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )راشٹریہ جنتا دل کے سپریمو لالو پرساد یادو اور ان کے خاندان کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں، مٹی اور زمین گھوٹالہ کو لے کر لگے الزامات کے بعد بی جے پی لیڈر سشیل مودی نے لالو یادو اور ان کے خاندان پر ایک اور الزام عائد کردیا ہے۔سشیل مودی نے مبینہ طور پر دستاویزی ثبوت جاری کرکے ایک نئی کمپنی اور زمین کے تعلق سے الزام عائد کیا ہے، جس پر لالو یادو کے خاندان کا قبضہ ہوا، اس بار زمین بیئر فیکٹری سے وابستہ ہے، جس کا مالکانہ حق کتیال خاندان کی آئس برگ انڈسٹری پرائیویٹ لمیٹڈ کے پاس تھا، اے کے انفوسسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ جس میں کتیال خاندان کے رکن ڈائریکٹر تھے، لیکن بعد میں ان کی جگہ پر اب بہار حکومت میں وزیر تیج پرتاپ یادو اور نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اور دیگر کو ڈائریکٹر بنا دیا گیا۔امت کتیال نے اپنے سارے شیئر لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی اور بیٹے تیجسوی یادو کے نام کر دئیے ۔گزشتہ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد لالو یادو کے بیٹے کمپنی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹ گئے تھے اور اب ان کی بیٹی چندہ اور راگنی یادو اس کی ڈائریکٹر ہیں ۔بی جے پی لیڈر سشیل مودی کا الزام ہے کہ اس سے صاف ہے یہ مکمل طور پر بدعنوانی کا معاملہ ہے۔اس معاملے کو لے کر سشیل مودی نے لالو پرساد یادو سے کچھ سوالات پوچھے ہیں۔ لالو یادو کے بیٹے اور بیٹیوں کو کمپنی میں ڈائریکٹر کیوں بنایا گیا؟کتیال خاندان نے بورڈ آف ڈائریکٹرس کا عہدہکیوں چھوڑا؟اس میں لالو کے خاندان کی صرف 55ہزار کی سرمایہ کاری کس طرح ہے؟سشیل مودی نے لالو پرساد یادو کو اس پوری پراپرٹی کے بارے میں سارے حقائق اجاگر کرنے کو کہا ہے۔مودی نے کہا کہ اگر لالو یادو نے ایسا نہیں کیا ،تب وہ اسے کریں گے ۔قابل ذکرہے کہ دونوں بھائیوں نے بہار اسمبلی کے نتائج آنے کے اگلے ہی دن ڈائریکٹر کا عہدہ چھوڑ دیاتھا ، لیکن ان کے شیئر اب بھی کمپنی میں برقرار ہیں۔بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے وزیر اعلی نتیش کمار کو مبینہ غیر اعلانیہ پراپرٹی گھوٹالہ میں وزیر اعلی کی رہائش کے پتہ کا غلط استعمال کرنے پر آر جے ڈی لالو پرساد کے خاندان کے خلاف کارروائی کا چیلنج دیا ہے۔سشیل مودی نے پیر کو ایک پریس ریلیز جاری کر کے الزام لگایا کہ لالو کے بیٹے تیج پرتاپ اور تیجسوی یادو صرف دھوکہ دہی کرکے 750کروڑ روپے کی زمین اور مال کے گھوٹالے میں ہی ملوث نہیں ہیں ،بلکہ چندہ یادو کو اپنی کمپنی کا ڈائریکٹر مقرر کرتے وقت وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے پتے کا بھی بے جا استعمال کیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ڈی لائٹ مارکیٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں ڈائریکٹر کے طور پر چندہ یادو کا پتہ سی ایم ہاؤس، 1آنے مارگ ، سکریٹریٹ تھانہ، جی پی او پٹنہ 800001درج ہے۔